سوشلسٹ ریزسٹنس رپورٹ

کراچی: 20 دسمبر کو کراچی پریس کلب کے باہر اسٹوڈنٹس آف کراچی یونیورسٹی، سندھ سجاگی فورم اور وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ کے زیرِ اہتمام نوجوان شاگرد سرمد آزاد کی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج منعقد کیا گیا۔ اس احتجاج میں انقلابی سوشلسٹ موومنٹ کے ساتھیوں نے بھی شرکت کی۔

سرمد آزاد کو پچھلے دنوں لاپتہ کر دیا گیا جب کنڈیارو میں اس نے سندھی مسنگ پرسنز کے لئے جاری لانگ مارچ کے شرکاء کی مہمان نوازی کی اور انہیں ایک رات کے لئے رہائش اور کھانا فراہم کیا۔ سرمد آزاد جامعہ کراچی سے ایم فل کر رہے ہیں۔ ان کو کس جرم کی پاداش میں لاپتہ کیا گیا ہے، اس کا ان کے گھر والوں کو اب تک نہیں بتایا گیا۔

احتجاج کے دوران شرکاء نے سرمد آزاد سمیت تمام لاپتہ سیاسی اسیران کی فوری رہائی کا مطالبہ اٹھایا اور اس ریاستی دہشتگردی کی مذمت کی۔ انقلابی سوشلسٹ موومنٹ کی ساتھی کامریڈ منرویٰ نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم اقوام پر ریاست کا یہ جبر سرمایہ دارانہ نظام کی منطق ہے، لہٰذا سوشلسٹوں کو اس وقت اس جبر کے خلاف تحریکوں میں صفِ اول میں کھڑے ہو کر لڑنا چاہئے اور جو نہیں لڑتے وہ معیشت پسندی کا شکار ہیں۔ اس وقت ریاست کے معاشی بحران کا بوجھ اس حد تک بڑھ چکا ہے کہ اس کا بوجھ محنت کش اور غریب عوام پر ڈالنے کے باوجود یہ دیوالیہ ریاست سندھ کے جزائر بیچنے پر تلی ہوئی ہے۔ سندھ کے وسائل کی لوٹ مار میں جس طرح اضافہ ہو رہا ہے اسی حساب سے سندھ کے نوجوانوں پر جبر میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ امر فیاض، سرویچ نوحانی اور عاقب چانڈیو سمیت بےشمار ساتھیوں کو ایک عرصہ سے لاپتہ کیا ہوا ہے اور ان کے خاندان ایک اذیت کی کیفیت سے گزر رہے ہیں۔ اگر ان ساتھیوں نے کوئی جرم کیا ہوتا تو انہیں اب تک عدالتوں میں پیش کیا جا چکا ہوتا کیونکہ یہ عدالتیں بھی حکمرانوں کی ہیں اور ان عدالتوں میں چلنے والا قانون بھی انہی کا قانون ہے۔ ان سیاسی اسیران کو عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا رہا، یہ واضح کر رہا ہے کہ ان کے خلاف ثابت کرنے کو ریاست کے پاس اپنے بیانیہ کے مطابق بھی کوئی جرم نہیں۔

ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ریاست کے ان حملوں کے خلاف بائیں بازو کی دیگر تنظیموں کو عمل کا ایک متحدہ محاذ تشکیل دینا چاہئے تاکہ اپنے اس اتحاد کے ذریعہ اپنے مطالبات منوائے جا سکیں۔

.سرمد آزاد کو فوراً آزاد کرو

.امر فیاض، سرویچ نوحانی، عاقب چانڈیو سمیت تمام لاپتہ اسیران کو فوراً آزاد کرو

.ریاستی دہشتگردی بند کرو! جبری گمشدگیاں بند کرو