کشمیر میں ریاستی قتلِ عام بند کرو

Posted by:

|

On:

|

,

انقلابی سوشلسٹ موومنٹ

پرامن مظاہرین پر فائرنگ فوری روکی جائے۔.

سیاسی قیدیوں کو رہا کرو.

کشمیر کی ناکہ بندی ختم کرو۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر مظفرآباد کی جانب پرامن لانگ مارچ کے شرکاء جب راولاکوٹ میں داخل ہو رہے تھے تو ان پر پیرا ملٹری اور دیگر سکیورٹی فورسز نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اس فائرنگ میں 5 سے 8 افراد جاں بحق جبکہ بڑی تعداد میں مظاہرین زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پرامن مظاہرین پر فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے باعث مزید جانی نقصان کا شدید خدشہ ہے۔

گزشتہ 57 دنوں سے کشمیر بھر میں جاری پرامن احتجاج، دھرنوں اور عوامی مظاہروں پر ریاستی جبر مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں اب تک تقریباً 50 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں اور بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کی گئی ہیں۔ اس وقت کشمیر کی ناکہ بندی جاری ہے، جس کے باعث خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے جس سے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔

ریاست نے بارہا مذاکرات کے نام پر وقت حاصل کیا مگر ہر مرتبہ اس کا جواب گولیوں، گرفتاریوں اور خونریزی کی صورت میں دیا۔ آج منعقد ہونے والے انتخابات بھی اسی پالیسی کا تسلسل ہیں۔ یہ انتخابات حقیقی عوامی نمائندگی کے بجائے جاری عوامی تحریک کو تقسیم کرنے، اس کی قوت کو کمزور کرنے اور پرانے استحصالی نظام کو برقرار رکھنے کی کوشش ہیں۔ اسی لیے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے پہلے ہی ان انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا اور کشمیری عوام کی بڑی تعداد نے بھی انہیں مسترد کر دیا ہے۔

ہم پاکستان بھر کی ٹریڈ یونینوں، محنت کش تنظیموں، طلبہ، خواتین کی تنظیموں، کسان تحریکوں، وکلاء، دانشوروں، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیر میں جاری اس ریاستی جبر اور قتلِ عام کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں۔ اسی طرح ہم دنیا بھر کی ٹریڈ یونینوں، محنت کش تنظیموں، طلبہ اور خواتین کی تحریکوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور تمام جمہوریت پسند قوتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ عملی یکجہتی کا اظہار کریں اور اس وحشیانہ ریاستی تشدد کی بھرپور مذمت کریں۔

              مظاہرین پر فائرنگ اور ہر قسم کا ریاستی جبر بند کیا جائے۔    

              کشمیر میں جاری قتلِ عام کو فوری روکا جائے۔

              تمام سیاسی قیدیوں، گرفتار مظاہرین اور عوامی ایکشن کمیٹی کے کارکنان کو بلاشرط فوری رہا کیا جائے۔

              کشمیر کی ناکہ بندی فوری ختم کی جائے اورخوراک، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنائی جائے

              اجتماع، احتجاج، تنظیم سازی اور اظہارِ رائے سمیت تمام جمہوری حقوق فوری بحال کیے جائیں۔

قتلِ عام، فائرنگ، جبری گرفتاریوں اور دیگر ریاستی جرائم میں ملوث تمام ذمہ دار حکام کا احتساب کیا جائے

ہم پاکستان، کشمیر اور دنیا بھر کے محنت کش طبقے، ٹریڈ یونینوں، کسان تنظیموں، طلبہ، خواتین کی تحریکوں اور تمام جمہوریت پسند قوتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ عملی یکجہتی کا اظہار کریں اور اس قتلِ عام کے خلاف احتجاج، مذمتی قراردادوں، عوامی اجتماعات اور دیگر مشترکہ اقدامات کو منظم کریں۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر میں جاری قتلِ عام، ریاستی جبر، ماورائے عدالت قتل، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی آزادانہ، شفاف اور عوامی تحقیقات کی جائیں۔ یہ تحقیقات ریاستی اداروں کے بجائے پاکستان، کشمیر اور دنیا بھر کی ٹریڈ یونینوں، محنت کش تنظیموں اور عوامی تحریکوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک آزاد ورکرز تحقیقاتی کمیشن کے تحت کرائی جائیں تاکہ حقائق کو چھپانے اور ذمہ داروں کو بچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جا سکے۔

ہم عالمی ٹریڈ یونین تحریک، عالمی محنت کش تنظیموں، انسانی حقوق کے اداروں اور تمام ترقی پسند و انقلابی قوتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کی جدوجہد کے ساتھ عملی یکجہتی کا اظہار کریں، پاکستانی ریاست کے اس وحشیانہ جبر اور قتلِ عام کی دوٹوک مذمت کریں اور اس پر فوری خاتمے کے لیے بین الاقوامی سطح پر دباؤ بڑھائیں۔

انقلابی سوشلسٹ موومنٹ اس ریاستی قتلِ عام کی شدید ترین مذمت کرتی ہے اورعالمی  محنت کش طبقہ، پاکستان اور کشمیر کے محنت کشوں، نوجوانوں اور مظلوم عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس جبر کے خلاف مشترکہ جدوجہد کو منظم کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *