انقلابی سوشلسٹ موومنٹ
انقلابی سوشلسٹ موومنٹ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حالیہ حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق جاری مذاکرات کے دوران یہ دوسرا بلااشتعال حملہ ہےجس میں آیت اللہ علی خامنہ ای کو قتل کیا گیا۔ یہ جارحانہ کارروائی اس حقیقت کو واضح کرتی ہے کہ امریکہ اور اسرائیل اپنی بالادستی کے لیے کسی بین الاقوامی قانون یا اصول کو خاطر میں نہیں لاتے ہیں۔
امریکی قیادت کی جانب سے ایرانی عوام کو اپنی حکومت کے خلاف بغاوت پر اکسانا دراصل ایک سامراجی چال ہے جس کا مقصد خطے میں اپنی سامراجی گرفت مضبوط کرنا ہے۔ غزہ میں جاری بربریت اور مشرقِ وسطیٰ میں مسلسل مداخلت اس بات کا ثبوت ہے کہ سامراجی طاقتیں خطے کے عوام کی آزادی اور خودمختاری کی سب سے بڑی دشمن ہیں۔ نیٹو اتحاد اوراس کے حلیف ممالک بھی اس جارحیت میں برابر کے شریک ہیں۔
بمباری، معاشی پابندیوں اور بیرونی دباؤ کے ذریعے کسی ملک میں حکومت کی جبری تبدیلی کبھی استحکام یا جمہوریت نہیں لاتی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ عراق اور لیبیا میں سامراجی مداخلت نے تباہی، خانہ جنگی اور انتشار کو جنم دیا ہے۔ اسی طرح ایران کو کمزور اور عدم استحکام کا شکار بنانا پورے خطےبالخصوص پاکستان کے لیے خطرناک نتائج پیدا کر سکتا ہے۔
ایران میں ملائوں کے نظام کا خاتمہ ایران کے عوام ہی کرسکتے ہیں یعنی وہ مزدور، خواتین اور نوجوان جنہوں نے اس حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد میں بھاری قیمت ادا کی ہے۔ہم ان کی جدوجہد کے ساتھ غیرمشروط یکجہتی کا اعلان کرتے ہیں۔ ملاؤں کی آمریت کے خلاف، بادشاہت کی بحالی کے خواہاں عناصر کے خلاف اور ان سامراجی بمباریوں اور معاشی پابندیوں کے خلاف بھی جو اس حکومت کے اس کھوکھلے اور فریب پر مبنی دعوے کو مضبوط کرتی ہیں کہ وہ صیہونیت اور سامراج کے مقابل ایران کا محافظ ہے۔
پاکستان کے محنت کشوں اور نوجوانوں کے لیے یہ لمحہ اہم ہے۔ سامراجی جنگیں ہمیشہ خطے کے عوام کے لیے مہنگائی، بے روزگاری، عدم استحکام اور فوجی کشیدگی میں اضافے کا سبب بنتی ہیں۔ اگر ایران کے خلاف جنگ پھیلتی ہے تو اس کے اثرات براہِ راست پاکستان کی معیشت اور سلامتی پر بھی پڑیں گے۔
یہ مجرمانہ کارروائی پورے خطے میں ایک بڑی آگ بھڑکانے کا خطرہ رکھتی ہے جس کے اثرات ہر جگہ محنت کش عوام پر بھاری پڑیں گے قیمتوں میں اضافہ، معاشی بےچینی، اور تناؤ کے مزید پھیلنے کا خطرہ ہے۔ یہ ایک بار پھر واضح کرتا ہے کہ اس موجودہ نظام میں نہ پائیدارامن ممکن ہے اور نہ ہی کوئی مستحکم اور محفوظ مستقبل ہے۔
ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان کی ریاست کسی بھی سامراجی مہم جوئی کا حصہ نہ بنے، اپنی سرزمین یا فضائی حدود کسی جارحیت کے لیے استعمال نہ ہونے دے ۔
ہماری جدوجہد سامراجی جنگوں، خطے میں فوجی اتحادوں اور ہر قسم کی سامراجی مداخلت کے خلاف ہے۔
نعرے
سامراجی جنگ مردہ باد
ایران کے خلاف جنگ نامنظور
امریکہ مشرقِ وسطیٰ سے نکل جاؤ
محنت کشوں کا عالمی اتحاد زندہ باد

Leave a Reply