یہ رپورٹ پہلے سرکش میں شائع ہوئی تھی
کراچی نیشنل ہائی وے پر واقع قاسم گارمنٹس فیکٹری کی انتظامیہ نے بروز پیر اپنے ہی مزدوروں پر فائرنگ کرکے چار محنت کشوں کو زخمی کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قاسم گارمنٹس فیکٹری جو جرمن برانڈ ٹوم ٹیلر کی سپلائر بھی ہے نے آج قریب ۳۵ مزدوروں کو نوکری سے فارغ کردیا تھا جس کے بعد مزدور اپنا پر امن احتجاج کر رہے تھے۔ اسی دوران فیکٹری کی انتظامیہ کی جانب سے فائرنگ شروع کردی گئی جس کے بعد چار افراد زخمی ہوگئے۔
اس واقعہ کے خلاف پولیس تماشائی بنی رہی اور بجائے فیکٹری کی انتظامیہ کے خلاف ایکشن لینے کے ۱۲ مزدوروں کو حراست میں لے کر شاہ لطیف پولیس اسٹیشن، ضلع ملیر منتقل کردیا۔
مزدورں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا ہے۔ اس حادثے کے بعد بھی فیکٹری کے مسلح گارڈز انتظامیہ کے کہنے پر بندوقوں کے زور پر مظاہرین کو ہراساں کرتے رہے جس کی ویڈیو سرکش کے فیس بک پیج پر دیکھی جا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی کورنگی میں واقعے آڑٹسٹک کمپنی نے اپنے مزدوروں پر فائرنگ کروائی تھی اور جس کے بعد پولیس نے محنت کشوں ہر ہی بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات بنا کر تین مزدوروں کو جیل منتقل کردیا تھا